نئی دہلی :3 فروری (ایس ایم نیوز) دہلی میں ایم ایل ایز کی خرید و فروخت کے معاملے پر عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ ہفتہ کے روز جب دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم دوبارہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کے گھر پہنچی تو نوٹس دینے کو لیکر بڑا ہنگامہ ہوا تھا۔ اب وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا بی جے پی والے سب جانتے ہیں؟ پھر یہ ڈرامہ کیوں کر رہے ہیں؟دراصل، سی ایم کیجریوال نے ٹویٹ کیا اور کہا، ’’مجھے کرائم برانچ کے اس پولیس افسر سے ہمدردی ہے۔
ان کا قصور کیا ہے؟ ان کا کام دہلی میں جرائم کو روکنا ہے۔ لیکن جرائم کو روکنے کے بجائے اس طرح کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، دہلی میں جرائم بہت بڑھ رہے ہیں۔ ان کے سیاسی آقا مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ آپ کے کس ایم ایل اے کو توڑنے کی کوشش کی گئی؟ لیکن تم مجھ سے زیادہ جانتے ہو؟ صرف دہلی ہی کیوں، کیا آپ جانتے ہیں کہ ملک بھر میں گزشتہ چند سالوں میں دوسری پارٹیوں کے کون سے ایم ایل اے اور کون سی حکومتیں گرائی گئیں؟ پھر یہ ڈرامہ کیوں؟قابل ذکر ہے کہ کرائم برانچ نے نوٹس پر تین دن میں جواب مانگا ۔ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل ایز کی خرید و فروخت سے متعلق جانچ کر رہی کرائم برانچ ٹیم ہفتہ کے روز صبح جب وزیر اعلی اروند کیجریوال کے گھر پہنچی تو نوٹس دینے کو لیکر بحث ہوئی ، اسی درمیان کرائم برانچ قریب 5 گھنٹے وہاں موجود رہی ۔
پانچ گھنٹے کے بعد جب وزیر اعلی اروند کیجروال نہیں آئے تو سی ایم آفس میں نوٹس دے دیا گیا ۔ خیال رہے کہ 27 جنوری کو وزیر اعلی اروند کیجریوال اور انکے وزراء نے بی جے پی پر ایم ایل ایز کی خرید و فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا ۔ تب دعوی کیا گیاتھا کہ بی ج ے پی نے آپ کے سات ایم ایل ایز سے رابطہ کیا ہے ۔ ان میں سے ہر ایک کو دل بدل کرنے کیلئے 25 کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی ۔اس معاملے کی ان کے پاس آڈیو کلپ بھی ہے ۔ وہیں وزیر اعلی اروند کیجروال و ان کے لیڈران کے الزام کے بعد 30 جنوری کو دہلی بی جے پی کے ایک وفد نے دہلی پولیس کمیشنر سے ملاقات کی اور آپ ایم ایل ایز کی خرید و فروخت کے الزام کی جانچ کرانے کی مانگ کی تھی ۔