Siyasi Manzar
Top News راجدھانی قومی خبریں

زہر افشانی کرنے والےجسٹس شیکھرکے خلاف محاذ آرائی

مسلم مخالف بیان دینے کے خلاف کانگریس نے شروع کی تحریک مواخذہ لانے کی مہم

نئی دہلی،11 دسمبر،الٰہ آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شیکھر یادو نے مسلمانوں کے خلاف منافرت پر مبنی بیان دے کر زبردست تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ اب ان کے خلاف کئی محاذ پر کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ ایک طرف سپریم کورٹ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ سے پورے معاملے کی تفصیل طلب کی ہے، اور دوسری طرف ان کے خلاف تحریک مواخذہ لانے کی تیاری چل رہی ہے۔ کانگریس نے اس کے لیے مہم بھی شروع کر دی ہے۔جسٹس شیکھر یادو کو ہٹانے کے لیے کانگریس نے اراکین پارلیمنٹ کا دستخط لینا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ وویک تنکھا نے بدھ کے روز جانکاری دی کہ اب تک راجیہ سبھا کے 30 سے زائد اراکین کے دستخط لیے جا چکے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ پارلیمنٹ کے موجودہ سرمائی اجلاس میں ہی تحریک مواخذہ کے لیے نوٹس دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ (مسلم منافرت پر مبنی بیان دینا) سنگین ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم پارلیمنٹ کے اسی اجلاس میں مواخذہ کے لیے نوٹس دیں گے۔قابل ذکر ہے کہ جسٹس شیکھر یادو نے گزشتہ اتوار کو الٰہ آباد ہائی کورٹ میں وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے تعلق سے کئی قابل اعتراض باتیں کہی تھیں۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس سے تنازعہ پیدا ہو گیا۔ کئی اپوزیشن لیڈران نے جسٹس شیکھر کے بیان پر اپنا سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ راجیہ سبھا رکن اور سینئر وکیل کپل سبل نے تو 10 دسمبر کو ہی ایک بیان میں کہا تھا کہ اس معاملے میں تحریک مواخذہ کا نوٹس دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا تھا کہ کوئی بھی جج اس طرح کا بیان دیتا ہے تو وہ اپنے عہدہ کے حلف کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اگر وہ عہدہ کے حلف کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو اسے اس کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔جہاں تک تحریک مواخذہ پیش کرنے کے اصول و ضوابط کا سوال ہے، تو قانون کے مطابق کسی بھی جج کے خلاف یہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔ تحریک مواخذہ لانے کے لیے 100 لوک سبھا اراکین اور 50 راجیہ سبھا اراکین کی منظوری ضروری ہے۔ اس کے بعد ہی مواخذہ کے لیے نوٹس جاری کیا جائے گا۔

Related posts

مسجد نبوی کے قابل فخر امام شیخ ڈاکٹر عبداللہ البعیجان حفظہ اللہ کا وطن عزیزمیں شانداراستقبال اورآپکا مختصرتعارف

Siyasi Manzar

ریلائنس نے 1.7 لاکھ نئی نوکریاں دیں ملازمین کی کل تعداد 6.5 لاکھ تک پہنچ گئی

Siyasi Manzar

لوک سبھا انتخابات2024: کیرالہ میں ایس ڈی پی آئی UDF کی حمایت کرے گی – اشرف مولوی

Siyasi Manzar