"سعودی عرب کی جانب سے رمضان المبارک میں ۱۰۲ ممالک کو ۷۰۰ ٹن کھجور کی تقسیم اس کی روایتی فیاضی کا ایک اور عظیم مظہر”۔ ڈاکٹر عبد الغنی القوفی
"سعودی عرب کی ماہ رمضان المبارک میں یہ خصوصی سخاوت ایک قابل تقلید مثال”۔ مولانا مشہود خاں نیپالی
سعودی عرب کی جانب سے ماہِ مبارک رمضان کے مقدس موقع پر ۱۰۲ ممالک میں ۷۰۰ ٹن کھجور کی تقسیم کا اعلان نہایت قابلِ تحسین اور خیر و برکت سے معمور اقدام ہے۔ اس عظیم منصوبے کے تحت دنیا بھر میں موجود مسلم برادری بالخصوص مستحق افراد کو نہ صرف غذائی امداد فراہم کی جائے گی بلکہ اسلامی اقدار کی ترویج اور امتِ مسلمہ کے درمیان اخوت و بھائی چارے کے جذبے کو بھی فروغ ملے گا۔
راشٹریہ مدرسہ سنگھ نیپال، بشمول صدر عمومی ڈاکٹر عبد الغنی القوفی اور ناظم عمومی مولانا مشہود خاں نیپالی، اس سعادتمندانہ عمل پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی اسلامی امور کی وزارت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف دینی اور روحانی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ مستحقین کو بھی ماہِ صیام میں تقویت حاصل ہوگی۔
کھجور، جو کہ رسول اللہ ﷺ کی پسندیدہ غذا ہے، نہ صرف جسمانی فوائد رکھتی ہے بلکہ اس کا روزہ افطار کے لیے استعمال اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک مبارک سنت بھی ہے۔ سعودی عرب کی اس فیاضی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسلامی اخوت، فلاحی خدمات اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں پر ماضی کی اپنی روایات کے مطابق لگاتار گامزن ہے۔
راشٹریہ مدرسہ سنگھ نیپال، جو کہ نیپال میں دینی تعلیم کے فروغ اور اسلامی اقدار کی حفاظت کے لیے سرگرم عمل ہے، سعودی عرب کے اس کارِ خیر کی تحسین کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس عظیم ملک کو مزید ترقی و استحکام عطا فرمائے اور اس خیر کو قبول فرمائے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں بھی امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔
ہم نیپال بھر کے مدارس، علماء، طلبہ اور عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس جذبۂ خیر کی پذیرائی کے ساتھ ساتھ خود بھی اسے اپناتے ہوئے اسلامی اقدار کو مضبوط کریں اور اماہ رمضان المبارک میں بطور خاص زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی مدد کریں۔