Siyasi Manzar
Top News قومی خبریں

کشی نگر مسجد پر بلڈوزر کارروائی سے سپریم کورٹ سخت ناراض

سپریم کورٹ نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے جواب مانگا ہے اور کہا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف عدالتی حکم کی خلاف ورزی سے متعلق کارروائی شروع کی جائے۔

کشی نگر ،17 فروری ،اتر پردیش کے کشی نگر واقع ایک مسجد پر گزشتہ دنوں ہوئی بلڈوزر کارروائی سے سپریم کورٹ سخت ناراض ہے۔ سپریم کورٹ نے اس بلڈوزر کارروائی کے خلاف داخل حکم عدولی معاملے میں نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے یوپی حکومت اور انتظامیہ کے افسران سے 2 ہفتے کے اندر جواب طلب کیا۔

سپریم کورٹ نے انتظامیہ کی طرف سے مسجد میں کی گئی توڑ پھوڑ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پھر سے حکم دے رہے ہیں کہ ایسا کوئی بھی قدم ہمارے احکامات کی خلاف ورزی ہوگی۔ جسٹس بی آر گوئی کی بنچ نے ضلع مجسٹریٹ سمیت سبھی ذمہ دار افسران کو اس سلسلے میں نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکم عدولی کرنے والے افسران کو بخشا نہیں جائے گا۔
واضح رہے کہ کشی نگر واقع مدنی مسجد کا ایک حصہ رواں ماہ کے شروع میں بلڈوز کے ذریعہ منہدم کر دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اسی کارروائی کو لے کر داخل ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ جاری کیا اور متعلقہ افسران سے جواب مانگا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ذمہ دار افسران سے سوال کیا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف عدالتی حکم کی خلاف ورزی سے متعلق کارروائی شروع کی جائے۔ ساتھ ہی بنچ نے ہدایت دی کہ آئندہ حکم تک ڈھانچہ کو نہیں گرایا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ مدنی مسجد کے ایک حصہ کو گزشتہ 9 فروری کو بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا تھا۔ مقامی انتظامیہ نے مدنی مسجد کے ناجائز حصوں کو گرایا تھا، جس پر خوب ہنگامہ بھی برپا ہوا تھا۔ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے بھی اس کارروائی کے لیے یوگی حکومت کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ مسجد توڑنے کا حکم نگر پالیکا کے ایگزیکٹیو انجینئر مینو سنگھ نے دیا تھا۔ کانگریس ریاستی صدر اجئے رانے اس تعلق سے یہ الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے اشارے پر ریاست میں آپسی خیر سگالی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ اجئے رائے نے یہ بھی کہا تھا کہ پہلے بہرائچ، پھر سنبھل اور اس کے بعد کشی نگر کی مدنی مسجد پر بلڈوزر چلانے کا کام اسی منشا کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا۔ ہائی کورٹ کا حکم التوا 8 فروری کو ختم ہوتے ہی انتظامیہ نے اگلے دن اتوار کو چھٹی کے دن منصوبہ بند طریقے سے بلڈوزر چلوا دیا۔

Related posts

ایشا امبانی نے چھاتی کے کینسر پر کتاب کا اجرا کیا

Siyasi Manzar

بھارت کا ڈیٹا صرف بھارتیہ ڈیٹا سینٹر میں ہی رہنا چاہیے:آکاش امبانی

Siyasi Manzar

خواجہ غریب نواز کے 813 ویں عرس کے موقع پرعمران پرتاپ گڑھی کو کانگریس صدر کھڑگے نے سونپی عقیدت سے بھری چادر

Siyasi Manzar