IND vs SA:نئی دہلی : جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ (IND vs SA) میں ٹیم انڈیا کا جارحانہ انداز دیکھنے کو ملا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز ہوتے ہی ہندوستانی تیز گیند بازوں نے بھوکے شیر کی طرح میزبان ٹیم پر دھاوا بول دیا۔ ارشدیپ سنگھ اور آویش خان نے مل کر پوری ٹیم کو تہس نہس کر دیا۔ نوجوان گیند بازوں نے مل کر 9 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کی ٹیم 116 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
میزبان ٹیم کے 7 ایسے بلے باز تھے جو ڈبل فیگرز کو بھی نہیں چھو سکے۔ گیندبازی اتنی خطرناک تھی کہ افریقی ٹیم کے تین بلے باز صفر پر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔ ارشدیپ سنگھ جنوبی افریقہ کے خلاف اس کے ہی گھر میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے تیز گیند باز ثابت ہوئے۔ وہیں آویش خان نے 4 بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ حالانکہ پھیلکوایو کے 33 رنز نے ٹیم کی عزت بچالی اور 100 کا ہندسہ پار کرا دیا۔ جواب میں شریس ایئر اور ڈیبیو کرنے والے سائی سدرشن نے اپنا جلوہ دکھایا۔