ممبئی 03 نومبر،(پریس ریلیز)یونانی دواساز اداروں کی معروف تنظیم یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسوسی ایشن (اُڈما) کا سالانہ چھٹا جشنِ اُڈما کے تحت آیوش ہیلتھ میلہ کا ایم۔ ایچ۔ صابو صدّیق کالج آف انجینئرنگ، ممبئی میں مہمان خصوصی جناب امین پٹیل (ایم ال اے، حکومت مہاراشٹر) کے دست مبارک سے افتتاح ہوا۔ پروگرام کا آغاز حافظ مقبول حسن (پیٹرون، اُڈما) کی تلاوت کلام اللّٰہ سے ہوا۔ جناب حکیم اعجاز احمد اعجازی (چیف۔ پریس اینڈ میڈیا) نظامت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ صدر مجلس تھے معروف شخصیّت جناب مولانا حکیم محمود احمد دریابادی۔ سب سے پہلے اُڈما کے جنرل سکریٹری حکیم محسن دہلوی نے جشنِ اڈما کے انعقاد کے بارے میں حاضرین مجلس کو بتایا۔ مہمان خصوصی جناب امین پٹیل نے موجودہ وقت میں طب یونانی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی ترقی و فروغ کے لئے نسل نو کو سرگرم ہونے کی تلقین کی۔ بعد ازاں صدر مجلس نے اظہار خیال فرماتے ہوئے اراکین اڈما کو ممبئی میں پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مہمان خصوصی جناب امین پٹیل کو جناب محمد عارف (پیٹرون، اڈما) نے پلانٹر اور جناب مقبول حسن (پیٹرون، اُڈما) نے مومنٹو اور شال پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔ مہمان ذی وقار صدر مجلس جناب مولانا حکیم محمود احمد دریابادی کو جناب سیّد منیر عظمت (فاؤنڈر ممبر) نے پلانٹر اور جناب حکیم محسن دہلوی نے مومنٹو اور شال پیش کر کے اعزاز سے نوازا۔
اس تقریبِ افتتاح میں پروگرام کے کنوینر جناب محمّد صادق بابلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے یونانی دواساز اداروں کی جانب سے اسٹال لگائے گئے ہیں جن میں دواؤں کی نمائش کے ساتھ ساتھ ماہر فن حکماء حضرات اپنی خدمات پیش کریں گے۔
شعبہ نشر و اشاعت،اُڈما کے چیف حکیم اعجاز احمد اعجازی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حسب پروگرام باضابطہ افتتاحی تقریب، کانفرنس، سی یو ایم ای، ورک شاپ اور آیوش ہیلتھ میلہ کا مزید دو دن اہتمام رہیگا۔ اس تین روزہ (3 نومبر تا 5 نومبر) آیوش ہیلتھ میلہ میں ملک کے مختلف دواساز اداروں کے ساٹھ سے زائد اسٹالس میں عوام کے لئے ماہر فن حکیموں کے ذریعہ فری چیک اپ اور خصوصی رعایت پر دوائیں فراہم کی جارہی ہیں ساتھ ہی موصوف نے یہ پیغام دیا کہ اہلیان علم و دانش، طلباء و طالبات اور سبھی اہلیان طب مع کاروباری حضرات اس اہم و منفرد پروگرام میں شرکت کر کے مستفید ہوں اور عوام النّاس طبّی سہولیات و خدمات سے زیادہبسے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔
شرکاء حضرات میں اُڈما کے ذمّہ داران نبیل انور، محمّد جلیس، پرویز احمد خاں، محمّد نوشاد، حکیم یثمانیل عثمانی،نمحمّد امجد علی فیض، محمّد ارشد علی، ڈاکٹر شیخ انتخاب عالم، ڈاکٹر شاہد بخش، حکیم عزیر بقائی کے نام قابل ذکر ہیں۔
پروگرام کے اخیر میں انتظامیہ کمیٹی کے چیف محمّد صادق بابلہ نے سبھی مہمانان اور حاضرین مجلس کا شکریہ ادا کیا۔