میرا روڈ پر ٹی راجہ سنگھ کو ریلی کی مشروط عدالتی اجازت کے بعد این سی پی جنرل سکریٹری سید جلال الدین کا بیان
نئی دہلی، ممبئی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ، پارٹی ورکنگ کمیٹی کے رکن اور اقلیتی معاملوں کے انچارج سید جلال الدین نے آج یہاں میڈیا کو جاری ایک بیان میں ممبئی ہائی کے ذریعہ ٹی راجہ سنگھ کو میرا روڈ میں ریلی کی مشروط عدالتی اجازت دیئے جانے کے بعد کہاہے کہ سرکار اس حق میں نہیں تھی کہ اس حساس علاقہ میں آئندہ کچھ دنوں تک ریلی کی اجازت دی جائے، لیکن چونکہ عدالت نے مشروط اجازت دے دی ہے، اس لئے ہم اس فیصلہ کا احترام کرتے ہیں ۔ سید جلال الدین نے کہاکہ سبھی کو یہ سمجھنا چاہئے کہ یہ عمومی نہیں بلکہ مشروط اجازت ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتی سماج، خاص کر مسلم کمیونٹی کے کچھ لوگوں نے مجھ سے اس ریلی کو لے کر اپنی تشویش ظاہر کی ، جس کے بعد میں نے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی چیف اجیت دادا پوار سے بات کی ۔ انہوںنے واضح الفاظ میں کہاکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سید جلال الدین نے کہاکہ سرکار پوری طرح سے ریلی پر نظر بنائے ہوئے ہے۔ قانون سے اوپر کوئی نہیں ہے۔ پوری ریلی کی ویڈیو گرافی ہوگی۔ پولس کی پوری طرح سے پہرے داری ہوگی۔ چپہ چپہ پر سرکار اور سسٹم کی نظر ہوگی۔ کسی طرح کے اشتعال انگریز نعریے کی کوئی اجازت نہیں ہوگی۔اور ریلی حساس مقام سے پہلے ہی ختم کرنی ہوگی اور وقت بھی محدود ہے ۔ سید جلال الدین نے کہاکہ میں اقلیتی سماج خاص کر مسلم سماج سے اپیل کرنا چاہتاہو ں کہ کسی بھی طرح سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ملک اور ہماری سرکار پوری طرح سے آئین کے ماتحت ہے۔ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیںکہ ظالم کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے اور اس کو قانون کے کٹہرے میں ہماری سرکار نے پہلے بھی کھڑا کیا ہے اورآگے بھی کھڑا کیا جائےگا، میرا روڈ کے لوگوں کو اجیت پوار کی قیادت اور ہدایت پر ہی انصاف ملا اور آگے بھی ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ شب برات کا مبارک دن ہے، میں لوگوں سے کہناچاہتاہوں کہ وہ اپنی عبادت پر دھیان دیں اور کسی بھی طرح سے فکرمندی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ عدالتی حکم کے بعد پوری ریلی کی ریکارڈنگ ہوگی، ہر طرح کی ایکٹیویٹی اس میں محفوظ ہوگی اور پھر اس کو عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ اس لئے قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے ۔