بدایوں(پریس ریلیز) بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صوفی سمواد مہاابھیان کی برج علاقائی میٹنگ کا انعقاد ڈائیٹ آڈیٹوریم میں کیا گیاجس میں بی جے پی قائدین نے مختلف خانوں خانقاہوں اور درگاہوں کے صوفی بزرگوں سے بات چیت کی۔ قابل ذکر ہے کہ زعفرانی پارٹی کے لیڈروں کے کندھوں پر زعفران کے بجائے سبز رنگ نمودار ہوا۔بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی، جنگلات اور ماحولیات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ارون کمار سکسینہ، اقلیتی بہبود کے وزیر مملکت دانش آزاد انصاری، بی جے پی برج سرکل کے صدر دوروجئے سنگھ شاکیہ نے میٹنگ سے خطاب کیا۔
اس موقع پر اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی خواہش پر بی جے پی اقلیتی مورچہ کی جانب سے صوفی سمواد مہا ابھیان چلایا جارہا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد تمام خانقاہوں اور درگاہوں کے عقیدت مندوں کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کا فائدہ آخری فرد تک پہنچے۔
اقلیتوں کا مفاد صرف بی جے پی حکومت میں محفوظ ہے۔جنگلات اور ماحولیات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ارون کمار سکسینہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے صوفیوں اور سنتوں کو عزت دینے کا کام کیا ہے۔ اقلیتی بہبود کے وزیر مملکت دانش آزاد انصاری نے کہا کہ اقلیتیں اب سمجھ چکی ہیں کہ بی جے پی میں ان کے مفادات محفوظ ہیں، اس لیے اقلیتیں تیزی سے پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔بی جے پی برج خطے کے صدر درویجئے سنگھ شاکیہ نے کہا کہ ریاست ڈبل انجن والی حکومت کے تحت تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔ ریاستی نائب صدر اور بدایوں کے انچارج دنیش کمار شرما نے کہا کہ بی جے پی کی فلاحی اسکیموں سے ہر طبقہ مستفید ہوا ہے۔ ضلع صدر راجیو گپتا نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے نعرے کے ساتھ کام کیا ہے۔اس موقع پر مورچہ کے ریاستی صدر کنور باسط علی، صوفی سمواد مہابھیان کے قومی انچارج ڈاکٹر اسلم صوفی، اترپردیش سمواد کے انچارج ڈاکٹر سید احتشام الہدی وغیرہ موجود تھے۔